کرائسٹ چرچ: سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 131 رنز کا آسان ہدف دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹاپ آرڈر کے بعد مڈل آرڈر بھی لڑکھڑا گیا۔ محمد رضوان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 14 رنز بنا کر شان مسعود بھی آؤٹ ہو گئے۔
شاداب خان بھی 8 رنز بنا کر چلتے بنے تو بابراعظم بھی کریز پر ٹک نہ سکے اور صرف 21 رنز بنائے۔ افتخار احمد نے 27 رنز جوڑے اور حیدر علی کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی نہ رکا جو 8 رنز بنا سکے، آصف علی نے 20 گیندوں پر بغیر کوئی چھکا لگائے صرف 25 رنز بنا کر پاکستان کا مجموعہ 130 تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریس ویل سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی اور مچل سینٹنر بھی 2,2 وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ ایش سودھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔