گورنر بلوچستان کی اسلام آباد آمد ،کیا گورنر راج لگنے جا رہا ہے ؟

10:21 PM, 11 Oct, 2021

کوئٹہ :کیا صوبہ بلوچستان میں گورنر راج لگنے جا رہا ہے ؟گورنر بلوچستان ظہور آغا کی خصوصی طیارے سے اسلام آباد آمد نے نئے سوالات کھڑے کر دئیے ۔

ذرائع کے مطابق گورنر بلوچستان خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ وزیر اعظم سے اہم ملاقات کرینگے ۔

ذرائع کے مطابق گورنر وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کریں گےاور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔

واضح رہے اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان کو راستے سے ہٹانے کیلئے ناراض اراکین نے بڑا اپ سیٹ کر دیا ہے ،بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ناراض اراکین کی ایک بڑی تعداد نے تحریک عدم اعتماد جمع کروا کر حکومتی جماعت کو بڑا جھٹکا دیدیا ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والوں نے نمبر گیم پورا کر لیا ہے جس کے تحت 14 اراکین کا سامنے آنا ایک بہت بڑا بریک تھرو ہے ،کیونکہ دوسری طرف اپوزیشن اراکین کی تعداد 23ہے ،اگر اپوزیشن کے تمام اراکین اور تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والے 14 اراکین   مل جائیں تو وزیر اعلیٰ کو ’’ڈی سیٹ ‘‘کرنے کیلئے اراکین کی تعداد 37 ہو جائے گی جبکہ وزیر اعلیٰ کو راستے سے ہٹانے کیلئے 33 اراکین کی تعداد کا ہونا ضروری ہے ۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ممکنہ چھُٹی کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے نام بھی سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں جس میں عبد القدوس بزنجو ،سرتاج صالح بھوتانی کے نام زیر گردش ہیں ۔

مزیدخبریں