کراچی: غیر قانونی طور پر افغانستان ڈالر منتقل کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے متحرک ہو گئی ہے۔ کراچی میں حوالہ اور ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار اور سرگرمیوں میں ملوث منی ایکسچینج کمپنی پر چھاپہ مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل حکام کے مطابق گرفتاریاں گلشن اقبال اور صدر میں واقع کمپنی کے دفاتر سے ہوئیں ۔ ملزمان میں کمپنی ڈائریکٹر محمد یاسین، منیجر محمد عدنان، دیگر اسٹاف ممبران محمد معراج، اسامہ، کاؤنٹر ٹیلر، جونئیر آفیسر فہد لمادا، محمد اطہر محبوب، کیش کیرئیر سیف الدین اور ثناء اللہ شامل ہیں۔
تفتیشی افسر ارشان الکریم کے مطابق ملزمان کرنسی کے کاروبار ی لائسنس کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار اور سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ ملزمان کے قبضے سے حوالہ ہنڈی میں استعمال کی گئی اشیا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات برآمد کرکے ضبط کرلی گئی ہیں۔
تفتیشی افسر نے کے مطابق ملزمان بلوچستان کے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بغیر رسید اور انٹری امریکی ڈالر فراہم کر رہے تھے، موقع واردات سے گرفتار دو افراد سیف الدین اور ثناء اللہ دونوں کوئٹہ کے رہائشی ہیں اور امریکی ڈالر افغانستان پہنچایا کرتے تھے۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مجموعی طور پر پاکستانی کرنسی 76 لاکھ روپے جبکہ 30 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 36394 امریکی ڈالر برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان افغانستان کی سیاسی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ڈالر کی غیر قانونی منتقلی سے پاکستانی روپے کی قدر کو نقصان پہنچا رہے تھے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔