اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی تدفین فیصل مسجد میں ہو لیکن ڈاکٹر عبدالقدیر کو فیملی کی ہدایت کےمطابق ایچ 8قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین مکمل سرکاری اعزازکیساتھ کی گئی، ڈاکٹرعبدالقدیر کی تدفین کیلئے بہترین انتظامات کیےگئے تھے ،بارش اللہ کی طرف سے تھی لیکن لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے جنازے میں شرکت کر کے اپنے ہیرو کو سلام پیش کیا ۔
شیخ رشید نے ڈالرز سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا ڈالر ہولڈنگ پر 88افراد کو گرفتار کیا ہے،گرفتار47افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے،انہوں نے کہا ڈالر کو بلیک کرنے پر 5 ڈالر ایکسچینج کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ روپے کی قدر کو مزید مستحکم کیا جائے ۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا ویکسین کے جعلی اندارج سے ملک بدنام ہو رہاہے،جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کیخلاف کاروائی شروع کر دی گئی ہے ،انہوں نے کہا 2پاسپورٹ رکھنے والے31اکتوبر تک ایک واپس کرسکتے ہیں،دوسری طرف دہرے شناختی کارڈ کا جرمانہ 10 سے 5 ہزار کر دیا ہے ۔
پی ڈی ایم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کسی کو مذہب کی بنیاد پر چھیڑیں گے نہ چھیڑنا چاہتے ہیں،پی ڈی ایم جو کرنا چاہتی ہے ،خطے کے حالات سامنے رکھے،پہلے خطے کے حالات اور تھے ،اب افغانستان کی صورتحال اور ہے،پی ڈی ایم جو کرنے جارہی ہے ایسا نہ ہو گلے پڑ جائے، ہر کسی کو جان لینا چاہیے افغانستان میں بدامنی ہوئی تو ہمیں سامنا کرنا پڑے گا،عمران خان نے انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کیلئے کہا ،کیونکہ پاکستان نہیں چاہتا کہ افغانستان دوبارہ کسی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو ۔
سول ملٹری تعلقات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے جواب دیتے ہوئے کہا اس پر فواد چوہدری اور پرویز خٹک بہتر جواب دے سکتے ہیں ،لیکن جہاں تک میں جانتا ہوں سب ٹھیک ہے ،عمران خان 5 سال پورے کرے گا ۔