نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کولام کی عدالت نے سورج نامی بھارتی شہری کو اپنی بیوی قتل کرنے کیلئے کوبرا سانپ استعمال کرنے کے مقدمے میں مجرم ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کے رحم کا مستحق کا نہیں ہے جبکہ پراسیکیوشن نے سور ج کو سزائے موت دینے کی استدعا کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 30 سالہ سورج نے گزشتہ سال اپنی 25 سالہ بیوی کو قتل کرنے کیلئے اسے کوبرا سانپ سے اس وقت ڈسوایا جب وہ سو رہی تھی۔ پراسیکیوشن نے سورج کو سزائے موت دینے کی استدعا کی ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن کورٹ نے 13 اکتوبر کو سزا سنانے کا اعلان کیا ہے۔ سورج کو انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 302,328,307اور 201 کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
25 سالہ ’اوتھرا‘ کو کچھ مہینے قبل ایک سانپ نے ڈس لیا تھا اور اس کا علاج جاری تھا کہ اس دوران ایک اور سانپ نے ڈس لیا۔ اوتھرا کے والدین نے عدالت کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ اس کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے بالآخر میری بیٹی کو انصاف مل گیا۔ توقع ہے کہ سورج کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ میری دعا ہے کہ کوئی بھی والدین اس دکھ سے نہ گزریں جس کا ہمیں سامنا کرنا پڑا۔‘
ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج ’ایم منوج‘ نے مجرم سے جب پوچھا کہ کیا وہ کچھ کہنا چاہتا ہے تو اس نے خاموشی اختیار کئے رکھی۔ کیرالہ پولیس چیف انیل کانت نے مقدمے کی تفتیش کرنے کی خصوصی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے مقدمے کو سلجھانے کیلئے سائنسی طریقہ کار استعمال کرنے کی یہ بہترین مثال ہے۔ ہری شنکر کی قیادت میں کام کرنے والی ٹیم نے بہترین کام کیا۔‘
واضح رہے کہ یہ معاملہ گزشتہ سال مئی میں اس وقت سامنے آیا جب اوتھرا کے والدین نے اس کی موت کے 2 روز بعد پولیس میں شکایت درج کروائی جس میں سورج اور اس کے اہل خانہ پر مقتول کو جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا، دونوں کی شادی 2 سال قبل ہوئی تھی۔
تفتیش کے دوران خصوصی ٹیم سریش نامی سپیرے تک جا پہنچی جس نے سورج کو ٹریننگ دینے اور کوبرا فراہم کرنے کا اعتراف کیا اور مقدمے میں وعدہ معاف گواہ بن گیا۔ سورج کی پہلی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب کپڑوں میں چھپایا گیا کوبرا باہر نکل آیا جس پر اسے مارنا پڑا۔
6 مئی 2020ءکو جب اس کی بیوی سو رہی تھی، تو اس نے بوتل سے کوبرا نکال پر اس پر پھینک دیا جس نے اسے دو بار ڈسا۔ سورج ساری رات جاگتا رہا تاکہ سانپ اسے ڈس نہ لے اور پھر صبح وہ معمول کے مطابق باہر آ گیا۔ اوتھرا کو سانپ کے کاٹنے کا معلوم ہونے پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔