اداکارہ وینا ملک کورونا وائرس کا شکار

02:58 PM, 11 Oct, 2021

لاہور : معروف اداکارہ وینا ملک کورنا وائرس کا شکار ہوگئیں ۔ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وہ ان دنوں قرنطینہ میں ہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم اورٹی وی کی اداکارہ وینا ملک کورونا کی وباء کی لپیٹ میں آگئیں ۔ وینا ملک نے اپنی انسٹا گرام پر کی گئی ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی بیماری کی اطلاع دی ۔ 

 اداکارہ وینا ملک نے اپنی پوسٹ میں قرنطینہ سے متعلق لکھا کہ ’چھوٹی چھوٹی چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، کون جانتا تھا کہ میں اسٹار بکس کی کافی یا گروسری کے لیے جانے کو کتنا یاد کروں گی

انہوں نے لکھا کہ ہماری انتہائی متحرک دنیا میں کچھ چیزوں اور لمحات جیسا کہ دوستوں کے ساتھ گھومنا، خاندان کے ساتھ وقت گزارنا، ریسٹورنٹ جانا، دوستوں اور خاندان کے ساتھ بات چیت کرنے کو زیادہ اہم نہیں سمجھا جاتا۔

وینا ملک نے کہا کہ جیسے ہی کورونا وائرس نے ہمیں دنیا سے الگ کیا تو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں پہلے سے بہت زیادہ اہم ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اسٹاربکس سے ایک فراپوچینو یا مکڈڈونلڈ جانے کا ارادہ محسوس ہوا، اچانک آئسولیشن کے دوران میں نے اپنی پڑوسی سے مختصر بات چیت کی۔

اداکارہ وینا ملک نے کہا  کہ میں ہمیشہ زندگی کے بڑے معاملات میں مصروف رہی کہ میں بھول گئی کہ چھوٹے، چھوٹے لمحات بھی کتنے اہم ہوتے ہیں۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل مجھے سر درد اور بخار تھا جو کچھ دن جاری رہا لہذا میں نے ٹیسٹ کروایا تو مجھے معلوم ہوا کہ مجھے کورونا ہوگیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ’اب میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کررہی ہوں اور ادویات لے رہی ہوں ۔ وینا ملک نے کہا کہ ’مجھ میں زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں، میں گھٹن محسوس کرتی ہوں اور سر درد ہوتا ہے ۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں پچھلے ہفتے سے بہت بہتر ہوں، میں ایک ہفتے سے آئسولیشن میں ہوں اور ابھی ایک ہفتہ رہتا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ کورونا سے کچھ نہیں ہوگا وہ غلطی پر ہیں جب کسی کو یہ مرض ہوتا ہے تو پھر ہم اس کے بارے میں سنجیدگی سے سوچتے ہیں ۔ ہمیں اس مرض سے بچنے کے لئے احتیاط کرنی چاہئے ۔  میں لوگوں سے کہنا چاہوں گی کہ انہیں اپنا خیال رکھنا چاہیے اگر وہ ویکسین لگواچکے ہیں تب بھی، ظاہر ہے اب تک سب جانتے ہیں کہ کورونا وائرس حقیقت ہے۔

وینا ملک نے مداحوں کو ہدایت  کی وہ جب بھی باہر جائیں تو ماسک پہنیں اور دیگر احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔انہوں نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

 چند روز قبل وینا ملک نے ٹوئٹر پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں وہ ہسپتال میں موجود ہیں اور ڈاکٹر ان کا بلڈ ٹیسٹ کررہے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وینا ملک نے تصدیق کی تھی کہ وہ 7 سال بعد جلد ہی اسکرین پر اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک فلم ٹی وی پر اداکاری کے جوہر دکھاتی رہی ہیں لیکن وہ پچھلے چند سال سے فلمی مصروفیات سے باہر تھیں لیکن وہ جلد ہی ایک ویب سیریز میں دوبارہ سے جلوہ افراوز ہونے والی ہیں ۔ 

مزیدخبریں