بیٹے کی گرفتاری : شاہ رخ خان پر ساتھی فنکارہ کا طنز

02:36 PM, 11 Oct, 2021

ممبئی: متنازعہ بیانات اور خبروں میں رہنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے شاہ رخ خان پر طنز کے تیر برسادیئے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر  مقبول ہالی وڈ اداکار جیکی چن اور ان کے بیٹے کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ماضی کا واقعہ یاد دلایا کہ جب سال 2014 میں  جیکی چن کا بیٹا منشیات کے کیس میں پکڑا گیا تھا تو جیکی چن نے کس طرح معافی مانگی تھی ۔

جیکی چن کے بیٹے جیسی چن کو سات سال قبل اپنے اپارٹمنٹ میں پولیس نے 100 گرام چرس رکھنےکے  جرم میں گرفتار کر لیا تھا ۔ جس کے بعد جیکی چن کو اپنے بیٹے کے جرم میں معافی مانگنی پڑی تھی ۔

اس وقت جیکی چن نے اپنے بیٹے کی گرفتاری پر کہا تھا کہ ایک عوامی شخصیت ہونے پر دکھی ہوں، بیٹے کی صحیح دیکھ بھال نہ کرنے پر خود سے شرمندہ ہوں، اس کی ماں بھی کرب کا شکار ہے اور میں اس پر معافی کا طلب گار ہوں۔

کنگنا رناوت نے ایسے وقت میں یہ پوسٹ شیئر کی ہے جب بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا بیٹا بھی منشیات کیس میں پولیس کی حراست میں ہے اور اس پوسٹ سے لگتا ہے کہ جیسے وہ بھی شاہ رخ خان کو معافی مانگنے کا مشورہ دے رہی ہوں ۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں پولیس کی حراست میں ہے ۔ آریان خان کو این سی بی اور پولیس کی ٹیم نے کروزپارٹی میں منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور وہ ابھی تک پولیس کی حراست میں ہیں ۔

مزیدخبریں