تباہی سرکار پیٹرول 130 روپے فی لیٹر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے: شیری رحمان  

PTI Government intends to increase petrol to Rs 130 per liter: Sherry Rehman
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں جلد بڑا اضافہ کرنے جا رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شیری رحمان نے لکھا کہ ہم نے بجٹ پر خدشہ ظاہر کیا تھا کہ تباہی سرکار پیٹرول 130 روپے فی لیٹر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اب اطلاعات ہیں کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 16 روپے کا ہوشربا اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 دن کے اندر پیٹرول کی قیمتوں میں یہ تیسرا بڑا اضافہ ہوگا۔ پہلی ہی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 1.21 فیصد اضافے کے ساتھ 12.94 فیصد ہو چکی ہی۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ عالمی بینک بھی کہہ رہا ہے کہ رواں سال مجموعی مہنگائی کی شرح 9 فیصد سے زائد ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ خدارا ملک پر رحم کریں، عوام مزید مہنگائی برداشت نہیں کر سکتی۔

خیال رہے کہ یکم اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول مزید 4 روپے مہنگا کر دیا تھا۔ اس اضافے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کا دو روپے، مٹی کا تیل 7 روپے 5 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اکتوبر کو اضافے کے بعد لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 99 روپے 51 پیسے، مٹی کا تیل 99 روپے 31 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 122 روپے 4 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔