محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رسم قل آج ادا کی جائے گی  

11:32 AM, 11 Oct, 2021

محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کے انتقال پر آج بھی پورے ملک میں سوگ کا ماحول ہے۔ عظیم ایٹمی سائنسدان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، اسلام آباد کی فیصل مسجد میں رسم قل ادا کی جائے گی جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی اور نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان گزشتہ روز اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ 85 سالہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صحت بگڑنے پر اتوار کی صبح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر قومی اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد لایا گیا جہاں پروفیسر ڈاکٹر احمد الغزالی نے نماز جنازہ پڑھائی۔

قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، کابینہ اراکین، اراکین پارلیمان، سول وعسکری حکام سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ ادا کی۔

ان کے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور پاک فوج کے خصوصی اہلکاروں سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں بڑی تعداد تعینات کی گئی۔ قومی ہیرو سفر آخرت پر الوداع کہنے کیلئے زندگی کے ہر شعبہ سے کثیر افراد فیصل مسجد میں جمع ہوئے، اس موقع پر فیصل مسجد اور اس کے اردگرد ابر کرم برستا رہا۔

محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں پوری قوم سوگوار ہے۔

مزیدخبریں