اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ کورونا کیسز میں اضافے پر کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں منی سمارٹ لاک ڈائون دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے لیکن کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی 6 ہفتے اوسط قومی سطح پر پوزیٹیویٹی 2 سے کم رہنے کے بعد پچھلے ہفتے 2 سے زیادہ رہی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لوک ڈائون دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے جب کہ ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق حالیہ اموات کے بعد پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 570 ہو گئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 666 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر ایکٹو کیسزکی تعداد 8 ہزار 904 رہ گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 3 ہزار 458 صحت یاب ہو چکے ہیں۔