فیصل آباد:مسلم لیگ( ن)پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ نے کہاہے کہ حکومت نے مقدمہ سے لیگی ارکان کے نام نکال کر جرم کااعتراف کرلیا، مہنگائی کے ذمہ دارعمران خان ہیں اب وہ ایکشن نہیں بلکہ الیکشن کے لئے اُن کے خلاف عوام ایکشن لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے اہداف میں100فیصد کامیاب ہوگی۔
حکمران مسلم لیگ ن کی میزبانی میں16اکتوبرکو گوجرانوالہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے ایک جلسہ سے قبل پریشان اوراُسے روکنے میں مصروف ہیں مگروہ کامیاب نہیں ہوں گے،عوامی شدت کے آگے حکومت کھڑی نہیں ہوسکے گی، طے شدہ شیڈول کے مطابق جلسے،ریلیاں ہوں گی،لانگ مارچ بھی اورآخری آپشن میں استعفے بھی ہوں گے ۔
عمران خان ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جو خودکو ایماندارقرار اور فوج کی حمایت کا دعویٰ کرکے اُسے متنازع اور میاں نوازشریف سے استعفیٰ کی بات کرکے بدنام کررہے ہیں ۔
اُنہوں نے تاثردیاہے کہ ادارے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں حالانکہ فوج ہمیشہ ملک کی ہوتی ہے کسی حکومت کی نہیں جبکہ عسکری قیادت نے بھی واضح کردیاہے کہ فوج آئین اورقانون کے مطابق ہر حکومت کی مددکرتی ہے۔
اُنہوں نے حکومت کی طرف سے 16اکتوبرکو گوجرانوالہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ کوروکنے کی کوشش کوایندھن فراہم کرنے کے مترادف قراردیااورکہاکہ حکمران اس بات سے لاعلم ہیں کہ اپوزیشن سے زیادہ عوام خودسڑکوں پرآناچاہتے ہیں اس لئے وہ ضلعی انتظامیہ کوجلسہ روکنے کے احکامات جاری کرنے کے باوجودناکام ہوں گے۔
حکومت نے2سابق اورآزادکشمیرکے موجودہ وزیراعظم سمیت40سے زائدمسلم لیگی ارکان کے خلاف بغاوت کے مقدمہ سے میاں نوازشریف کے علاوہ تمام نام نکال کراپنے جرم کااعتراف کرلیاہے۔ اُنہیں امید ہے کہ بہت جلدحکمران میاں نوازشریف کانام بھی خودہی نکال دیں گے کیونکہ وفاقی وزیرداخلہ اعجازشاہ میاں نوازشریف کانام لے کراعتراف کررہے ہیں کہ مقدمہ غلط ہواہے۔
اُنہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کا الطاف حسین سے موازنہ کرنے والے اپنے دماغ کا علاج کروائیں کیونکہ وہ ترامیم کی تجاویزکو بھی این آراو کہتے ہیں۔میاں نوازشریف کی طلبی کے لئے ڈھول بجانے کی بجائے شیخ رشید سے جلسوں میں ڈھول بجانے کاکام لیاجاسکتا ہے کیونکہ اُن کاشماراُن شیخوں میں ہی ہوتا ہے۔