راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔
یہ کارنامہ انہوں نے پاکستان میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے ایک میچ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان کے خلاف میچ کے دوران سرانجام دیا۔ خیال رہے کہ اس میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں شکست دے دی تھی۔ شعیب ملک نے اس میچ میں 44 گیندوں پر 74 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 13 ہزار 296 رنز بنا کر پہلے نمبر جبکہ ویسٹ انڈیز کے ہی آل رائونڈر کپتان کیرن پولارڈ 10 ہزار 370 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے یہ تاریخی کارنامہ سرانجام دینے پر شعیب ملک کی تعریف کرتے ہوئے انھیں قومی کرکٹ میں ریڑھ کی ہڈی کی قرار دیا ہے۔