راولپنڈی: قومی ٹی 20 کپ میں بلوچستان نے اویس ضیاء کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر دو اہم پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔
فاتح ٹیم نے 155 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اویس ضیاء نے 49 گیندوں پر 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ شعیب ملک کی 74 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے 17 ویں میچ میں بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
خیبر پختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فخر زمان 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ عاکف جاوید نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
جواب میں بلوچستان نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر اویس ضیاء نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 92 رنز بنا کر بلوچستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اکبر الرحمان 24 اور بسم اللہ خان 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اویس ضیاءکو مرد میدان قرار دیا گیا۔