سپریم جوڈیشل کونسل کا میری معزولی کی سفارش کا فیصلہ غیرمتوقع نہیں، جسٹس شوکت صدیقی

10:02 PM, 11 Oct, 2018

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر معطل ہونے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا رد عمل سامنے آگیا۔

جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا میری معزولی کی سفارش کا فیصلہ غیرمتوقع نہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریباً تین سال پہلے سرکاری رہائش گاہ کی مبینہ آرائش کے نام پر بے بنیاد ریفرنس بنایا گیا، سرکاری رہائش گاہ کی آرائش کے متعلق ریفرنس سے کچھ نہ ملا تو خطاب کو جواز بنا لیا۔

 
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مزید کہا کہ 'میرے مطالبے اور سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود یہ ریفرنس کھلی عدالت میں نہیں چلایا گیا، نہ ہی میری تقریر میں بیان کیے گئے حقائق کو جانچنے کیلئے کوئی کمیشن بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپنا تفصیلی مؤقف بہت جلد عوام کے سامنے رکھوں گا۔

خیال رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے متنازع خطاب پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

مزیدخبریں