دبئی:عثمان خواجہ کی زبردست بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کر دیا ۔عثمان خواجہ اور آسٹریلین کپتان ٹم پین نے پاکستانی باؤلرز کا جم کر مقابلہ کیا۔
آج پانچویں اور آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔ٹریوس ہیڈ 219 کے مجموعے پر محمد حفیظ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، انہوں نے 72 قیمتی رنز بنائے۔
چھٹے نمبر پر آنے والے کھلاڑی لبوشاگنے محض 13 رنز بناکر یاشر شاہ کا شکار بنے،پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور پاکستانی بائولرز کا جم کر سامنا کیا۔
عثمان خواجہ 141 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے ۔نئے آنے والے بلے باز مچل اسٹارک اور پیٹر سڈل بھی یاسر شاہ کی گھومتی گیند کو نہ سمجھ سکے اور پویلین واپس لوٹ گئے ۔
تاہم آسٹریلیا کے ٹم پین اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر انتہائی دفاعی انداز اپنایا اور مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔