حکومت کی سماجی و معاشی ترجیحات گلوبل ایجنڈا 2030 کے مطابق ہیں:ملیحہ لودھی

09:29 AM, 11 Oct, 2018

نیویارک: پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کی سماجی و معاشی ترجیحات گلوبل ایجنڈا 2030 کے مطابق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی سے خطاب میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسیوں کا مقصد معیشت میں نئی جان ڈالنا ہے۔


پاکستانی مندوب نے پانی کے وسائل کے حوالے سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اپنی پانی کی ضروریات اور مسائل سے واقف ہے، ہم نے حال ہی میں ایک نیشنل واٹر پالیسی تشکیل دی ہے، جس کے ذریعے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر منصوبوں کے حوالے سے کام جاری ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی سٹرکچرمیں بہتری، احتساب، شجرکاری، صحت اور تعلیم میں اصلاحات، زراعت کا فروغ، سستی توانائی اور پانی ذخیرہ کرنا نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔


ملیحہ لودھی نے کہا کہ قدرتی وسائل کی تلاش اور خود انحصاری حکومتی اقدامات کا بنیادی جزو ہے جبکہ احتساب اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی بھی نئی پاکستانی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔


ان کا کہنا تھاہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ رقوم کے غیر قانونی بہاو¿ اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لیے عالمی تعاون کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔


پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ گلوبل ایجنڈا 2030 میں نو آبادیاتی اور محکوم ممالک کے عوام کے حقوق کا خیال رکھنا ہوگا۔

مزیدخبریں