اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عالمی عدالت میں زیرسماعت کلبھوشن کیس میں جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو ایڈہاک جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کے ایڈہاک جج ہوں گے اور پاکستان کل باضابطہ طور پر عالمی عدالت کو ایڈہاک جج کی تقرری سے آگاہ کرے گا۔
یاد رہے محکمہ قانون کی جانب سے ایڈ ہاک جج کے تقرر کے لیے جو سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی اس میں دو نام تجویز کیے گئے تھے جن میں جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور سینئر وکیل مخدوم علی خان کا نام شامل تھا۔ حکومت نے فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورے کے بعد تصدق جیلانی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ فوجی عدالت نے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی ہے جب کہ بھارت نے اس کیس کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھایا ہے جہاں اس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے 12 دسمبر 2013 کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور 5 جولائی 2014 کو وہ ریٹائر ہوئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں