لاہور: سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا بدل رہی ہے، اور بھارتی حکومت کو بھی اپنے رویے میں تبدیلی لانی چاہیے۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت کو کرکٹ کو صرف کرکٹ رہنے دینا چاہیے اور اسے پاک بھارت جنگ کا سبب نہ بننے دیا جائے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کی کہ چیمپئنز ٹرافی جیسے عالمی ایونٹس کو کسی بھی ملک کی ضد یا انا کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔
راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ دنیا کے حالات بدل رہے ہیں، اور بھارتی حکومت کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی چاہیے تاکہ کرکٹ کو سیاسی آلودگی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بھارت قیادت کو آگے آنا چاہیے اور کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹرز پاکستان آنا چاہتے ہیں، مگر وہ اپنی حکومت کے سامنے بے بس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو کرکٹ ٹیم بھیج کر عالمی سطح پر ایک مثبت پیغام دینا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ ایس سی او کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت کی روح کو آگے بڑھایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے اور کرکٹ کو سیاست سے آزاد رکھا جا سکے۔