تہران: ایران نے شام میں اسرائیلی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت ختم کی جائے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ شام میں اسرائیلی بمباری کے واقعات کے بعد عالمی برادری کو فوری طور پر اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کر دینی چاہیے اور اس کی اقوام متحدہ کی رکنیت کو ختم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی غیر قانونی کارروائیوں کا سلسلہ روکنے کے لیے اس کی اسلحہ کی فراہمی کو بند کرنا ضروری ہے، تاکہ اس کے جارحانہ اقدامات کا سدباب کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے اپنے پڑوسی ممالک پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس میں غزہ میں ایک سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے علاوہ لبنان، شام اور ایران بھی اس کی جارحیت کا شکار بنے ہیں۔