مولانا فضل الرحمن کا 2028 تک سودی نظام کے خاتمے کا عزم

مولانا فضل الرحمن کا 2028 تک سودی نظام کے خاتمے کا عزم

لندن: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 2028 تک پاکستان کے تمام محکموں کو سود سے پاک کر دیا جائے گا۔

 لندن کی ایک مسجد میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کو پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین ہم سب کا ہے اور اس کا احترام کرنا ضروری ہے۔ جمہوریت اور اسلامی نظام کی بقا کے لیے پاکستان بھر میں تحریک جاری رکھی جائے گی۔

پاکستان کے امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم، 26ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شک کی بنیاد پر کسی کو 90 روز کے لیے تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ایک محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں۔