پنجاب کے اسموگ زدہ علاقوں کے لیے بارش کی پیشگوئی

05:56 PM, 11 Nov, 2024

لاہور: محکمہ موسمیات نے پنجاب کے شہریوں کو اسموگ کے باعث آلودگی سے نجات دلانے کے لیے بارش کی خوشخبری دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مغرب سے آنے والے بادلوں کا سلسلہ آج شام کو پاکستان میں داخل ہوگا، جس سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور اور گرد و نواح میں بارش کے امکانات کم ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے اسموگ کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ تاہم، آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے کئی اضلاع جیسے لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ملتان اور ڈی جی خان میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے اوقات میں شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر علاقوں میں دھند پڑنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی دوران خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع جیسے دیر، سوات، مانسہرہ، اور پشاور میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقے خشک رہیں گے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
 

مزیدخبریں