کراچی: پاکستان کو رواں سال درپیش 2.5 ارب ڈالر کے فنانشل گیپ اور آئی ایم ایف ریویو ٹیم کے مذاکرات کے تناظر میں پیر کو ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ایک موقع پر ڈالر کی قدر میں 8 پیسے کمی ہوئی اور یہ 277.65 روپے پر آگیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر 13 پیسے اضافے کے ساتھ 277.86 روپے پر بند ہوا۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 0.03 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 278.77 روپے پر بند ہوا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے ایوی ایشن فیول پراجیکٹ کے لیے 82.5 ملین ڈالر کی فنانسنگ اور چین و سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی سرمایہ کاری دلچسپی کے باوجود زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں نے اکتوبر میں 3.10 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اور سالانہ 34 ارب ڈالر تک ترسیلات زر پہنچنے کی پیشگوئیوں کو نظر انداز کیا۔