لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لیے 3 ارب روپے کی لاگت سے میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ منصوبہ پنجاب کی زرعی پیداوار کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
پروجیکٹ کے تحت، سبزیوں کی میکانائزڈ فارمنگ کے لیے زرعی آلات جیسے پلانٹر، پرونرز اور دیگر مشینری پر 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کے لیے پلپنگ یونٹس، ڈرائرز اور گریڈرز کی خریداری پر بھی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے مخصوص اضلاع میں ٹماٹر اور پیاز کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔ لودھراں، ملتان اور وہاڑی میں پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جب کہ خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ میں ٹماٹر کی کاشت کو بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھ اضلاع میں 25 ایکڑ تک اراضی کے مالکان کے لیے فارمر انٹرپرائز گروپس بنائے جائیں گے، جنہیں جدید زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت سکھانے کے لیے فارمرز فیلڈ سکولز کے ذریعے تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ "یہ پراجیکٹ صرف زرعی پیداوار کو بڑھانے کا نہیں بلکہ پنجاب کے کاشتکاروں کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے اور انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا بھی ایک قدم ہے۔"
اس پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف زراعت کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو سستی سبزیاں فراہم کرنے کے لیے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ "عام آدمی کے لیے سستی سبزیاں اور بہتر معیشت ہمارا مقصد ہے، اور ہم اس کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔"
پروجیکٹ کے حوالے سے معلومات کے لیے ہیلپ لائن 17000-0800 قائم کی گئی ہے۔ کاشتکار اس پراجیکٹ کے تحت سبسڈیز اور تربیت کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ایگریکلچر کے فیس بک پیج، ویب سائٹ یا مقامی دفاتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔