لاہور : پنجاب میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے پیش نظر حکومت نے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ کے چار اضلاع میں آج سے دکانوں کو رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 17 نومبر تک یہ پابندی جاری رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اضلاع میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز عدالتی فیصلے کے مطابق رات 8 بجے بند ہوں گے۔ اس کے علاوہ، تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں بشمول کھیلوں پر بھی پابندی لگائی جائے گی۔ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
لاہور میں ریسٹورنٹس کی ڈائننگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔