ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

10:12 AM, 11 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور :  محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہے گا، ساتھ ہی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے،  بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔


پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، اور میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند پڑ سکتی ہے۔


اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا، ساتھ ہی تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب کے دیگر اضلاع جیسے لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔


شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، خانیوال، خانپور، جھنگ، بہاولپور، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں دُھند پڑنے اور بعض علاقوں میں شدید دُھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، خیبر، کرم، پشاور اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، لیکن پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔


کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا، اور یہاں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں