پنجاب میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے ، محکمہ صحت کی احتیاطی تدابیر جاری

 پنجاب میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے ، محکمہ صحت کی احتیاطی تدابیر جاری

راولپنڈی :  محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب  کی جانب سے صوبے بھر میں ڈینگی کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے  گئے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 63 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ کیسز راولپنڈی سے سامنے آئے، جہاں 59 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

لاہور، چکوال، ساہیوال اور اوکاڑہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب میں 750 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 6901 ڈینگی کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے اس موقع پر اعلان کیا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی سمیت دیگر ضروری ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے، تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گھر کی چھتوں، کمرے، باغات اور دیگر جگہوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں، کیونکہ یہ ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے ادویات اور جالیاں استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں