لندن: وزیراعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے دوران اہم فیصلے کرنے کے علاوہ آرمی چیف کی تعیناتی پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ میرٹ کو اولیت دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے اور آئین پاکستان کے مطابق ہی طے ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں طے ہونے والے فیصلوں پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ساتھ دوگھنٹے سے زائد وقت گزارا۔