میلبرن :پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ گرین شرٹس نے محنت بہت کی ہے ۔ بھارت سے جوڑ پڑتا تو بڑا فائنل ہوتا ۔ ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہےتاہم مشکل صورتحال میں بھی قومی ٹیم ایک بن کر رہی ۔اس ٹیم سے فینز کو بہت امیدیں ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے میلبرن میں پاکستانی ٹیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بابر اور رضوان سے متعلق اتنے واٹس ایپ آئے کہ انہیں تبدیل کریں لیکن بابر اور رضوان کی جوڑی نمبر وَن ہے اس کو توڑنا نہیں چاہیے۔
رمیزراجہ کا کہنا تھا کہ ٹیم کو خواب دیکھنے ہوتے ہیں ۔ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل کہا تھا ۔یہ ٹیم کپ جیت سکتی ہے۔پی سی بی میں میرے اس بیان کو اچھا نہیں سمجھا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے اوپر تنقید کو مثبت لیتا ہوں۔1992ء کا فائنل جیتنے کے بعد سے میلبرن گراؤنڈ نہیں گیا۔30 سال بعد آج میلبرن گراؤنڈ دیکھوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے ساتھ 1992 کی یادیں شیئر کیں، 1992 کے کپتان عمران خان کی تقریر بھی دہرائی، کھلاڑیوں کو یہ ہی کہا ہے کہ یہ موقع پھر نہیں آنا، گراؤنڈ میں اپنا سو فیصد دیں۔ 92ء میں ہماری ٹیم خوفزدہ تھی لیکن یہ لڑکے دلیر ہیں۔