دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں میتھیو ہیڈن نے انکشاف کیا کہ محمد رضوان ایک رات قبل اسپتال میں تھے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم، محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار کھیل پیش کیا۔
محمد رضوان نے کھل کر بیٹنگ کی اور اس دوران انہیں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی گیند بھی لگی، خوش قسمتی سے رضوان ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود گیند لگنے سے ان کے چہرے پر سوجن واضح تھی۔
پاکستان کی اننگز کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ محمد رضوان ایک رات قبل اسپتال میں تھے۔
میتھیو ہیڈن نے بتایا کہ محمد رضوان نے زبردست بہادری کا مظاہرہ کیا، رضوان نے ثابت کیا کہ وہ ایک بہادر کھلاڑی ہے۔
یاد رہے کہ میچ سے قبل محمد رضوان اور شعیب ملک کو زکام اور ہلکا بخار بھی تھا تاہم ڈاکٹرز نے انہیں میچ کیلئے فٹ قرار دیا جس کے بعد وہ ٹیم میں شامل ہوئے۔ رضوان نے میچ میں 67 رنز بنائے۔