لاہور: پنجاب حکومت نے مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے جو طویل عرصے سے زیر التوا تھی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے سے کم از کم 29 ہزار 950 سرکاری ملازمین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔
پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے اس حوالے سے اجلاس میں کہا کہ محکمہ جیل کے 14 ہزار 387 وارڈرز کا گریڈ 5 سے 7، 1520 ہیڈ وارڈرز کا گریڈ 7 سے 9 جب کہ 162 چیف وارڈرنز کا گریڈ 9 سے 11 کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت محکمہ جیل کے 49 مذہبی معلمین کو گریڈ 12 سے 15 میں ترقی دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر تمام محکموں کے 373 ٹیلی فون آپریٹرز کا گریڈ 7 سے بڑھا کر 11 کر دیا گیا ہے۔
تمام صوبائی محکموں کے 11 ہزار 184 ڈرائیوروں کا اسکیل 4 سے 5، محکمہ سماجی بہبود کے 695 سپروائزروں کا گریڈ 9 سے 11 جبکہ محکمہ جنگلات کے 928 واچرز اور 30 ہیڈ واچرز کا گریڈ 5 اور 7 سے 9 کر دیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب نے اسی طرح محکمہ جنگلات کے 162 وائلڈ انسپکٹرز کا گریڈ 9 سے 11 اور 2 فزیکل انسٹرکٹرز کا گریڈ 8 سے 9 جب کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے 458 کیئر ٹیکرز کا گریڈ 9 سے 11 کر دیا ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری خزانہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔