اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اوآئی سی نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ او آئی سی کا اگلا اجلاس آئندہ سال مارچ 2022 پاکستان میں ہوگا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے اسلام آباد میں نیو ز کانفرنس کرتے ہوئے کہا اگلے سال مارچ 2022 میں او آئی سی کی میزبانی پاکستان کرے گا ،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر بحث لائی جائے گی ،مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم میں وزرائے خارجہ اجلاس دنیا بھر کے 1.2 بلین مسلمانوں کی ترجمانی کرے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا ستمبر2021 میں پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر ڈوزیئر جاری کیا،ڈوزیئر میں ویڈیو اور آڈیو کلپ سمیت دیگر ثبوت بھی فراہم کئے گئے،او آئی سی کے نمائندہ خصوصی ڈوزیئر کو سامنےرکھتے ہوئے پاکستان آئے ہیں،کشمیر ایشو کے سلسلے میںہی او آئی سی کا اگلا اجلاس اسلام آباد بلا یا جا رہا ہے،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر بحث آئے گی،انہوں نے کہا مسئلہ کشمیرکوعالمی فورمزپراجاگرکرنےکیلئے مزیداقدامات کئےجائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے بھارتی چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کورونا کےدوران مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو کوئی سہولت میسر نہیں تھی،مقبوضہ کشمیر کو اب تک ساڑھے 9 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے،یہ نقصان سیاحت سے لے کر پھلوں اور دیگر اشیاء کی تجارت نہ ہونے کے باعث ہوا،بھارت کا مقصد مقبوضہ کشمیر پرغیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنا ہے،انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارت کے غیرقانونی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں،اس تمام صورتحال میں پاکستان کے بہترین اقدامات کی وجہ سے آج بھارت کے بیانیے کی نفی ہوچکی ہے۔