پاکستان نے آسٹریلیا کوفتح کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا

06:26 PM, 11 Nov, 2021

دبئی : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے سیمی فائنل میں بھی اپنی اچھی کارکردگی جاری رکھی ۔ بابر اعظم نے 39 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے ایونٹ کی تیسری اور کیرئیر کی 11 ویں ففٹی بنائی۔

دبئی میں کھیلے جا رہے ہیں میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیتا اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ 
 
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔ 10 ویں اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے اور محمد رضوان کے ساتھ مل کر سکور 143 تک پہنچایا۔ 143 رنز پر محمد رضوان 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

محمد رضوان کے بعد محمد آصف آئے لیکن وہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میں صفر پر آؤٹ ہوگئے ۔ فخر زمان نے بھی شاندار ففٹی بنائی اور 32 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جس نے اپنے ابتدائی میچ میں روایتی حریف بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو مات دے کر لگاتار پانچ فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم روایتی حریف انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے باوجود چار فتوحات حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان۔

آسٹریلیا: ایرون فنچ(کپتان)، اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، مچل مارش، مارکس اسٹوئنس، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل وُڈ۔

مزیدخبریں