آسٹریلیا کیخلاف کون سے پاکستانی باؤلرز خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں؟ بریڈ ہوگ نے پریشانی ظاہر کر دی

آسٹریلیا کیخلاف کون سے پاکستانی باؤلرز خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں؟ بریڈ ہوگ نے پریشانی ظاہر کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق پنر بریڈ ہوگ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 کے سیمی فائنل میں شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم آسٹریلیا کیلئے خطرناک ثابت ہوں گے۔ 
پاک، آسٹریلیا سیمی فائنل پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے کہا کہ ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کے خلاف پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ دونوں باؤلرز کی خوب فارم میں ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر بائیں ہاتھ کے باؤلرز کے خلاف اتنا اچھا نہیں کھیل سکتے جتنا وہ جائیں ہاتھ کے باؤلرز کے خلاف کھیلتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی بہترین فارم میں ہیں جو ایونٹ میں تسلسل کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں اور آج کے میچ میں بھی وہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کے خلاف خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی۔ 
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کیلئے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی فلو اور بخار سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی ہے اور دونوں کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔