دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ فخر زمان لڑنا جانتے ہیں اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں سب کو حیران کر سکتے ہیں۔
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹی 20 سکواڈ میں فخر زمان کا کردار بہت اچھ ہے۔ میں جانتا ہوں کہ وہ پاکستان نیوی میں ہوا کرتے تھے اور جانتے ہیں کہ کیسے لڑنا ہے۔ وہ بہترین فیلڈر ہیں اور بہت سارے رنز بچاتے ہیں۔ اگر آج آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں وہ کچھ خاص کر جائیں تو حیران ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ نیٹ پریکٹس میں بہترین ہٹنگ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی۔
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کیلئے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی فلو اور بخار سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی ہے اور دونوں کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔