سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا

02:22 PM, 11 Nov, 2021

لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا۔حکومت کی طرف سے جاری مراسلے کے مطابق حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کی طر ف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ  تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے ۔

مراسلے میں کہا گیا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔

علاوہ ازیں صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مزید 487افراد کےنام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی ٹی ایل پی کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد ہوگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے فورتھ شیڈول کی فہرست سے نام خارج کئے گئے۔

خیال رہے کہ 7 نومبر کو وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ سے منظوری کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی ذیلی شق ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو فرسٹ شیڈول سے بطور کالعدم جماعت نکال دیا تھا۔

یاد رہے کہ فورتھ شیڈول ایک ایسی فہرست ہے جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت دہشت گردی اور فرقہ واریت کے جرم میں مشتبہ افراد کو رکھا جاتا ہے۔انسداد دہشت گردی کے سیکشن وی ون کے مطابق فورتھ شیڈول میں ’کوئی بھی شخص جو ایک سرگرم کارکن، عہدیدار یا کسی تنظیم کا حصہ ہو جسے زیر نگرانی رکھا گیا ہو یا ممنوع ہے یا کسی ایسے گروپ یا تنظیم سے وابستہ ہے جو دہشت گردی یا فرقہ واریت میں ملوث ہونے کا شبہ ہو۔اس کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی ایسا شخص جس پر شک ہو کہ وہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے تو اس کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ کی وفعہ ای ون میں شامل کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں