الیکشن کمیشن نے بلوچستان اور پنجاب کے اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

11:40 PM, 11 Nov, 2020

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ نواب اسلم رئیسانی 21 ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین پارلیمنٹرین بن گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 8 کروڑ 45 لاکھ ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41 کروڑ سے زائد ہے، رانا مشہود 5 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ساجدہ یوسف پنجاب اسمبلی میں سب سے غریب رکن ہیں۔ ساجدہ یوسف کے بینک اکاؤنٹ میں صرف 217 روپے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار 8 کروڑ 45 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ دو لگژری گاڑیوں اور چار ٹریکٹروں کے مالک بھی اس کے علاوہ انکے پاس 20 تولے سونا بھی موجود ہے۔

علیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے ذمہ 74 کروڑ سے زائد رقم بطور قرض واجب الادا ہے۔ چوہدری پرویز الہی اسپیکر پنجاب اسمبلی 22 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت دو کروڑ 93 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کے پاس گیارہ کروڑ سے زائد اثاثے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز خان کے کل اثاثے صرف دو لاکھ 74 ہزار روپے ہیں اور ان کے پاس نہ کوئی ذاتی گاڑی ہے اور نہ ہی زیورات ہیں اور ان کا اندرون یا بیرون ملک میں بھی کوئی کاروبار نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کے پاس راولپنڈی میں نو مرلے کا وراثتی گھر ہے جس کی قیمت 60 لاکھ بتائی گئی اور ان کے پاس راولپنڈی میں چار مرلے کا پلاٹ اور دو لاکھ روپے کا فرنیچر بھی ہے۔ فیاض الحسن چوہان کے پاس اکاونٹ میں 13 لاکھ 38 ہزار آٹھ سو پانچ روپے موجود ہیں اور ان کی طرف سے 64 لاکھ 56 ہزار 718 روپے کی ناقابل واپسی رقم ٹرانسفر کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت اکتالیس کروڑ سے زائد ہے اور رکن پنجاب اسمبلی احمد خان 5 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

رکن پنجاب اسمبلی میاں مجتبی شجاع الرحمان 13 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود پانچ کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ مراد راس صرف چوبیس لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کا اندرون و بیرون ملک میں کوئی کاروبار نہیں اسی طرح ان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی ہے نہ طلائی زیورات ہیں۔ عمار یاسر 2 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور 6 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک بھی ہیں۔ سردار اویس لغاری 11 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد 2 کروڑ 39 لاکھ سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے اثاثوں کی مالیت دو کروڑ 14 لاکھ سے زائد ہے اور ان کی اہلیہ کے پاس ایک کلو سے زائد سونا بھی موجود ہے۔ راہ حق پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی محمد معاویہ اعظم 66 لاکھ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ نجم سیٹھی کی بیوی جگنو محسن 44 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کی مالک ہیں اور انہوں نے اپنے شوہر کے 23 کروڑ کے اثاثے بھی ظاہر کیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ کے پاس 7 کروڑ 68 لاکھ سے زائد کے اثاثے ہیں ۔

عظمی بخاری کے اثاثے 45 لاکھ ہیں جبکہ وہ 20 لاکھ روپے کی مقروض بھی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی بھی تفصیلات جاری کی گئی ہیں اور جان محمد جمالی ایک کروڑ بیس لاکھ روپے اور چالیس ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں۔ جان جمالی 60 تولے سونا اور پچیس لاکھ روپے مالیت کی گاڑی کے مالک بھی ہیں اور ان کے پاس نقد 1 کروڑ 74 لاکھ ستائیس ہزار روپے سے زائد رقم ہے جبکہ 4 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد رقم بنک میں موجود ہے۔ سردار یار محمد رند 14 ہزار ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں  اور ڈیرہ مراد جمالی میں رہاشی پلاٹ کی قیمت 30 لاکھ روپے اور کوئٹہ میں گھر دو کروڑ روپے اور اسلام آباد میں ساڑھے تین کروڑ کا ظاہر کیا ۔ ان  کے دبئی میں دو اپارٹمنٹ کی قیمت تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ظاہر کی گئی اور اس کے علاوہ دبئی میں ویلاز کی 4 کروڑ 20 لاکھ روپے ۔

سردار یار محمد رند چھ سو چالیس تولے سونا وراثتی اور چار گاڑیاں ہیں جن کی مالیتت دو کروڑ اٹھاسی لاکھ روپے سے زائد کی ظاہر کی ہیں۔ سردار یار محمد رند کے پاس 12 لاکھ روپے کیش ،63 لاکھ درہم اور 85 لاکھ روپے کا فرنیچر اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں ظاہر کئے ہیں۔ سردار یار محمد کے پاس پچیس کروڑ روپے سے زائد کے زرعی اجناس اور بیس لاکھ روپے کا ذاتی اسلحہ ہے۔ ممبر بلوچستان اسمبلی نواب اسلم رئیسانی 21 ارب روپے سے زائد کے اثاثے رکھنے والے امیر پارلیمنٹرین بن گئے ہیں۔

نواب اسلم رئیسانی کی زرعی زمین 19 کروڑ ، رہاشی پلاٹ 1 ارب 79 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ تین ارب 75 کروڑ روپے سے زائد گاڑیوں کے مالک بھی ہیں اور ان کے اکاونٹ میں 51 کروڑ اڑتیس لاکھ روپے سے زائد ہیں جبکہ تئیس کروڑ روپے سے زائد کے جانور بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اسلم رئیسانی کے پاس بیرون ملک مالٹا میں بھی ایک ارب 73 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد کی جائیداد ہے۔

مزیدخبریں