اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیرخارجہ کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں جواد ظریف نے صدر روحانی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایران پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے افغان قیادت پر مشتمل افغان امن عمل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم ے ایرانی وزیر خارجہ کو بتایا کہ وبا کے دوران پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی ہے جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت میں کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی مفاد میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہو گا جبکہ خطےمیں امن و سلامتی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس سے قبل جواد ظریف کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں پاک ایران بارڈر سرحدی معاملات اور افغان مصالحتی عمل پر بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے بھی ملے اور اس موقع پر شاہ محمو دقریشی نے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر ایران کے شکریہ ادا کیا۔