لندن: مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچے جہاں انہوں نے دل کا معائنہ کروایا۔ طبی معائنے کے لیے آمدکے موقع پر نواز شریف کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج اور صاحبزادے حسین نواز بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ اسپتال میں نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا گیا ہے اور جلد ہی وہ دوبارہ اسپتال جائیں گے جبکہ ان کا مزید طبی معائنہ اور مشاورت بھی شیڈول ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد گذشتہ سال 19 نومبر سے لندن میں موجود ہیں اور وقتاً فوقتاً وہ معائنے کے لیے اسپتال جاتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں نواز پاکستان سے لندن پہنچے تھے۔ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
وفاقی کابینہ نے بھی نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔