گلگت: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں غریب عوام کی تکلفیوں کو احساس تک نہیں، انھیں پتا ہی نہیں کہ وہ کس کرب سے گزر رہے ہیں۔ عمران خان صرف کرسی پر بیٹھے ہیں، حکومت کوئی اور چلا رہا ہے۔
مریم نواز کا انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) ڈٹی ہوئی ہے کہ کبھی ظالم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کو انتقام کا نشانہ بنایا۔ شاید ہی کوئی ظلم ہو جو نواز شریف پر نہ کیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر جعلی حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ حکومت سال ختم ہونے سے پہلے گھر جانے والی ہے۔ ہنزہ کے عوام انھیں ووٹ ڈال کر ضائع نہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھٹائی سے کہا جاتا ہے ملک میں مہنگائی نہیں، یہ سب مسلم لیگ (ن) کا پروپیگنڈا ہے۔ انھیں اس بات کا علم ہی نہیں ہے کہ عوام کیساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ کس کرب سے گزر رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آج جتنی بھی ترقی نظر آ رہی ہے وہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کی مرہون منت ہے۔ لیکن ترقیاتی کام تو دور کی بات وزیراعظم کو عوام کی ضرورتوں تک کا احساس نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی عوام پریشان ہے کہ وہ اپنا گھر بار کس طرح چلائیں۔ پاکستان میں آج ہر شخص، دوائیوں، کچن چلانے کے معاملات، بچوں کی فیسوں کی ادائیگی، گیس اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے پریشان ہیں۔