لاہوریوں کیلئے نئی سفری سہولت، اب شہر میں ماحول دوست بسیں چلیں گی

10:18 AM, 11 Nov, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی۔ شہر میں 103 کلومیٹر طویل 6 روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق ایک اجلاس اہم اجلاس ہوا جس میں الیکٹرک بسوں کی خریداری کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ میں کمی ہوگی۔ اورنج لائن ٹرین کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سرپرائز وزٹ کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس کے لیے ضروری امور جلد طے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سموگ کے مستقل سدباب کیلئے وہیکلز انسپکشن سرٹیفکیشن سسٹم فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بدل دیا جائے گا۔ صوبے میں ٹرانسپورٹ انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور سارجنٹس کی بھرتی کی جائے گی۔

انہوں نے الیکٹرک بسوں کی خریداری کے لئے مختلف آپشز پر غور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ تمام آپشز کا جائزہ لے کر فوری حتمی سفارشات پیش کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی ہوگی۔ ہر وہ کام کریں گے جس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ سٹیشن پر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کوہ سلیمان کے علاقوں میں پہلی مرتبہ پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔ کوٹ چھٹہ، وہوا، ٹبی قیصرانی، تونسہ اور ڈیرہ غازیخان میں کم کرائے میں بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹ سپیشلسٹ اور متعلقہ حکام کی اجلاس نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں