اسلام آباد: پاکستان نے نگورنوکاراباخ کے خطے میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کہتے ہیں اپنے مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر برادر ملک آزربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ اس سے خطے میں استحکام اور خوشحالی کا ایک دور شروع ہو گا جس سے بے گھر افراد کی اپنے آباء و اجداد کی زمینوں میں دوبارہ واپسی کا راستہ ہموار ہو گا۔
خیال رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان 27 ستمبر سے ایک دوسرے کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔ دونوں ممالک میں تنازعہ کاراباخ کے علاقے سے شروع ہواجو بین الاقوامی طور پر آذربائیجان کا حصہ تصور کیا جاتا ہے۔روس کی مداخلت سے دونوں ممالک جنگ بندی پر راضی ہو ئے۔ آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پیشنیان نے اس معاہدے کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اسے تسلیم کر لیا ہے۔ ادھر آرمینیا کے باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم آفس پر دھاوا بولتے ہوئے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
آذربائیجان کے صدر کا اپنے روسی ہم منصب کیساتھ اس معاملے پر آن لائن میٹنگ کی اور کہا کہ لڑائی کے انتہائی اہم نقطے پر فریقین کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے۔آذری صدر الہام علیوف نے اس معاہدے کو اپنی فتح قرار دیا۔
یاد رہے کہ اس معاہدے کے تحت کاراباخ میں جو علاقے آذربائیجان نے فتح کیے ہیں ان پر آذربائیجان کا ہی حق رہے گا۔