لاہور: تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر اور اندرون ملک سے ہزاروں سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ، سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات گردوارہ جنم استھان میں جاری ہیں۔ تقریبات میں پاکستان سمیت بھارت، کینیڈا، برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک سے بڑی تعدد میں سکھ شریک ہیں۔
سکھ یاتری مذہبی رسومات جن میں اکھنڈ پاٹھ، شبد کیرتن، اشنان اور متھا ٹیکی کی ادا کر رہے ہیں۔ سکھ یاتری اپنے گرو گھر میں جنم دن کی ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دے رہے ہیں۔
اس موقع پر سکھ یاتری حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے مکمل مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔ اندرون ملک سے سکھ اور ہندو یاتریوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
حکومت نے سکھ یاتریوں کے قیام وطعام کے بھی بہترین انتظامات کیے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے ہیں۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کے جوان تعینات ہیں جبکہ گردوارہ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔