لاہور: الحمرا ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں اور ہم نے نواز شریف کی صحت کو سیاست میں نہیں لانا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتے تھے اس لیے ان کے علاج کے لیے ایک میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا جس کے بعد نواز شریف علاج کے لیے جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا 8 ہفتوں کے لیے معطل کی تھی اور انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہونا تھا لیکن ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے بیرون ملک روانگی منسوخ ہو گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے۔