ممبئی:بالی ووڈ سٹار نرگس فخری نے کہا ہے کہ کبھی بھی اپنے کیریئر میں ایک مکمل اداکارہ بننے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، جبکہ انہوں نے فلم راک اسٹار صرف یہ سوچ کر سائن کی کہ وہ اپنے والدین کی ثقافت کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔
ایک بیان میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے اس پروجیکٹ پر کام کرنے کا ارادہ کیا تو اس وقت میں نے صرف یہی سوچا تھا کہ مجھے ایک نئے ملک جانے کا موقع ملے گا جہاں میں اپنے والد اور والدہ کی ثقافت کو سمجھ پاں گی، کیوں کہ فلم کی شوٹنگ شمالی بھارت اور چیک جمہوریہ میں ہورہی تھی تو میں کافی پرجوش تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ امتیاز علی کی شکر گزار رہوں گی کہ انہوں نے مجھے اس خوبصورت فلم کا حصہ بنایا، انہوں نے میرا انتخاب کرکے میری اور میرے آس پاس موجود لوگوں کی زندگی تبدیل کردی، انہوں نے ایسا کرکے کسی کی جان تک بچائی ہے جس کے بارے میں میں یقینا ایک دن انہیں ضرور بتاں گی۔