ریاض:شہزادہ فیصل بن مقرن بن عبدالعزیز نے شہیدوطن شہزادہ منصور بن مقرن کے حادثہ شہادت کو سیاسی رنگ دینے والے میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہو ں نے واضح کیا کہ شہزادہ منصور کی شہادت کی بابت کہانیاں سراسر جھوٹ ہیں، من گھڑت ہیں، گھٹیا میڈیا کی اختراع ہیں۔ سعودی معاشرے کے شعور و آگہی سے کھیلنے کی واجب مذمت کوششیں ہیں۔ انہیں معلوم ہو کہ سعودی شہری دوست دشمن کی پہچان رکھتے ہیں، حق و باطن میں فرق کی تمیز رکھتے ہیں۔ شہزادہ فیصل بن مقرن نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیاری کا یہ کھیل سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے معزز انسانوں پر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کو بدنام کرنے کیلئے مملکت میں پیش آنے والے ہر واقعہ کو گھٹیا رنگ دینے کی کوششیں اس بات کی علامت ہیں کہ دشمن وطن عزیز میں فتنوں کی آگ بھڑکانے کے در پے ہیں۔
وہ حقائق کو توڑ مڑور کر پیش کر کے خبث باطن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہو ں نے واضح کیا کہ شہزادہ منصور وطن عزیز، دین اسلام اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آخری دم تک وفادار رہے ۔ ان کی شہادت کا واقعہ عوام کی صلاح و فلاح کے منصوبے کے معائنے کے بعد واپسی میں پیش آیا۔ انہو ںنے ذرائع ابلاغ او رسوشل میڈیا سے اپیل کی کہ وہ مملکت کے دشمن عناصر کی دروغ بیانیوں کے چکر میں نہ پڑیں اور رائے عامہ کے سامنے لائی جانیوالی کہانیوں کی بابت سنجیدگی ، وقار اور باریک بینی سے کام لینے کا اہتمام کریں۔