پاکستانی فلمی دنیا میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے اے نیئر خالق حقیقی سے جاملے، 66 سالہ معروف گلوکار کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، وہ 17 ستمبر 1950ء میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف پلے بیک سنگر اے نیئر لاہور میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے.انہیں گھر میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا.ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اے نیئر (آرتھر نیئر) ایک عیسائی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے.وہ اپنے بیٹے کی اچانک موت پر کافی عرصے سے غمزدہ تھے اور یہ ہی غم انہیں کھا گیا. 66 سالہ اے نیئر نے سوگواران میں 3 بیٹیاں اور بیوہ چھوڑی ہیں۔آرتھر نیئر کو بہترین گلوکاری پر کئی ایوارڈز سے نوازا گیا. انہوں نے 1979ء، 1985ء، 1989ء اور 1991ء میں بہترین پس پردہ گلوکار کا نگار ایوارڈ جیتا۔
اے نیئر غزل گائیکی میں بھی مشہور تھے، 1974ء میں فلم بہشت میں روبینہ بدر کے ساتھ گانا گا کر انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔