کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کوبغیر بتائے ہٹایا گیا۔ شریف خاندان اپنی بادشاہت بچارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلاو ل بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ نئے گورنر سندھ کی تعیناتی سابق گورنر ڈاکٹرعشرت العباد اور چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے مذکورہ بالا اشخاص کو ایک کال تک کرنے کی زحمت نہیں کی، شریف خاندان اپنی بادشاہت کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔
بلاول نے یہ ٹویٹ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نفیسہ شاہ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے شک کا اظہا کیا تھا کہ' کہیں سابق جج کی بحیثیت گورنر سندھ تعیناتی شریف خاندان کی جانب سے پنامہ لیکس کیس میں عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں ہے؟''۔دوسری جانب سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان نے بھی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوز رداری کے اس بیان کی تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پرانہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔سابق گورنر نے وفاقی حکومت سے شکوہ کیا کہ انہیں گورنر کی تبدیلی کی اطلاع اخبارات اور میڈیا کے ذریعے ملی۔ وفاق نے اس تبدیلی سے متعلق ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کسی بھی سطح پر مطلع کیا گیا کہ اب ان کی خدمات کی ضرورت نہیں رہی۔واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نواز شریف اور صدرِ مملکت ممنون حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گورنر سندھ کی تبدیلی اور سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی نیابت میں سندھ کے تیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف لیا۔