پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت میں کمی کامیاب حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے,شہبازشریف

ورلڈ بینک سمیت عالمی ادارے پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت کی شرح میں کمی کابرملا اعتراف کر رہے ہیں

07:28 PM, 11 Nov, 2016


لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عالمی بینک سمیت بین الاقوامی ادارے آج پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت کی شرح میں نمایاں کمی کابرملا اعتراف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت کی شرح میں کمی موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔آج پنجاب سمیت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے رفتار اور معیار کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں۔ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دے کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے جس کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت سے ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور غربت کی شرح میں کمی آتی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان معاشی خودمختاری کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور انشاء اللہ محنت، عزم اور جذبے سے کام کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر طے کریں گے۔

مزیدخبریں