زرعی ترقیاتی بینک نے فری ہیلپ لائن قائم کردی

01:34 PM, 11 Nov, 2016

فیصل آباد: حکومتی ہدایات کی روشنی میں زرعی ترقیاتی بینک نے ون ونڈو آپریشن کے تحت زرعی قرضہ جات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا دیگر شکایات کے فوری ازالہ کیلئے فری ہیلپ لائن قائم کر دی ہے اور اس ضمن میں کاشتکاروں کو اپنے مسائل و مشکلات کے حوالے سے فری ہیلپ لائن نمبر 0800-14001 پر رابطہ کی بھی ہدایت کی ہے۔

زرعی ترقیاتی بینک فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ زرعی ترقیاتی بینک نے کسانوں و کاشتکاروں سمیت ملک بھر کے چھوٹے و بڑے زراعت پیشہ افراد کیلئے گندم اور دیگر فصلات ربیع کی کاشت کی غرض سے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے آسان شرائط کے تحت زرعی قرضوں کی فوری فراہمی کاسلسلہ جاری و ساری رکھا ہوا ہے تاکہ 25ایکڑ آبپاش اور 50ایکڑ بارانی رقبہ رکھنے والے کاشتکار گندم سمیت دیگر فصلات ربیع کی کاشت کیلئے بیج، کھاد، دیگر زرعی ضروریات کے حصول کیلئے پاس بک کے زریعے بر وقت قرضے حاصل کر سکیں ۔انہوں نے بتا یا کہ متعلقہ علاقوں کے موبائل کریڈٹ آفیسرز ہر سوموار کو کاشتکاروں سے قرضوں کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ زرعی ترقیاتی بینکوں کی برانچز کے منیجرز تین روز کے اندر اندر زرعی قرضہ جاری کرنے کے پابند ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اس اقدام کا مقصدکاشتکاروں و کسانوں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ وہ مالی مشکلات سے نجات حاصل کر کے سرسبز زرعی انقلاب لانے اور غذائی خود کفالت میں ممد و معاون ثابت ہو سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کاشتکار کسی بھی تکلیف ، پریشانی ، مسئلہ ، مشاورت کی صورت میں زرعی ترقیاتی بینک کے زونل چیف ، ڈی سی اوز ، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز ریونیو، ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فری ایگریکلچر ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار کسی معلومات یا مشاورت کیلئے فری ہیلپ لائن نمبرپر صبح 8 سے رات 8بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں