سیالکوٹ : سابق صدر مملکت و سینیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان جیل میں رہ لے گا مگر کسی سے کوئی ڈیل نہیں کرے گا۔
ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہاکہ سویلین ہی پاکستان کے مالک ہیں، اس وقت سب کی نظریں ملک کی عدلیہ پر ہیں۔میں نے عمران خان سے پوچھا کہ ہم بند گلی میں تو نہیں چلے گئے جس پر انہوں نے کہاکہ راستہ نکل آئے گا۔
عارف علوی نے کہاکہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ کوئی نا کوئی راستہ نکال لیتی ہیں اور عمران خان کا بھی یہی موقف ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔ کراچی کے تاجروں نے بھی قیدی نمبر 804 سے بات کرنے کا مطالبہ کیا، ملک میں جو بحران ہے یہ جلد ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف ضرور تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن ساری پارٹی کو اس کی سزا کیوں دی جارہی ہے۔ ہمارے پاس 9 مئی کے حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں، اس وقت ملک میں 2 کروڑ سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہونا شرم کی بات ہے۔
عارف علوی نے کہاکہ 6 ججز نے عدالتی معاملات میں مداخلت پر آواز اٹھائی ہے۔ ہم پاک چین اقتصادی راہداری کی حمایت کرتے ہیں جبکہ برادر ملک سعودی عرب کے جو وفود آرہے ہیں ان کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔